خود کش بمباروں کی شام سے آمد کا انکشاف
بیروت،29جون؍(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)لبنا میں القاع کے مقام پر دو روز قبل ہونے والے سلسلہ وار بم دھماکوں کے بعد بیروت حکومت نے دہشت گردی کے ایک نئے خطرے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ لبنانی وزیر اطلاعات رمزی جریج نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا ہے کہ وزیراعظم تمام سلام نے بھی القاع کے مقام پر دہشت گردی کے واقعات کے بعد ملک میں دہشت گردی کی نئی لہرکے خطرے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ وزیر اطلاعات کاکہنا تھا کہ حکومت کو خطرہ ہے کہ دہشت گرد القاع کی طرز پر لبنان کے دوسرے شہروں میں بھی بم دھماکے کرسکتے ہیں۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف یکساں اور متحدہ قومی موقف اختیار کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ادھر دوسری جانب لبنانی وزیر داخلہ نھاد المشنوق نے کہا ہے کہ سوموار کے روز القاع کے مقام پر ہونے والی دہشت گردی میں شام سے آئے دہشت گرد ملوث ہیں۔ وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ لبنان میں دہشت گردی کے واقعات میں ملوث عناصر شام سے داخل ہوتے ہیں ان کا لبنان میں پناہ گزین کیمپوں سے تعلق نہیں۔خیال رہے کہ القاع کے مقام پر سوموار کے روز چوبیس گھنٹوں کیدوران آٹھ دھماکے ہوئے جن میں بعض خود کش بم دھماکے قرار دیے گئے ہیں۔ یہ علاقہ شام کی سرحد سے متصل ہے۔ دہشت گردی کے واقعات کے بعد مشتبہ افراد کی چھان بین کے لیے فوج اور پولیس کی اضافی نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔